اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اس وقت دو محاذوں پر لڑ رہے ہیں۔ وزیراعظم کرونا وائرس کو شکست دینے اورکرونا کے باعث بے روز گاری کے خلاف محاذ پر ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اپنی ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا رکھی ہے۔ انہوں نے کوآرڈی نیشن کمیٹی اجلاس سے پہلے ہی تحفظات کا اظہار کر دیا۔ مشکل وقت میں یہاں پوائنٹ سکورنگ نہیں کرنی چاہئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے چند انڈسٹریزکو کھولنے کیلئے وقت مانگا ہے۔ وزیراعظم نے سندھ حکومت کو وقت دیدیا ہے۔ سندھ حکومت کو مسائل درپیش ہیں تو وفاق کو آگاہ کرے۔ ہم پورے پاکستان کی بات کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت میڈیا پر بات کرنے کی بجائے عملی اقدامات کرے۔ وزیراعظم عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوشاں ہیں۔ گلے شکووں کی بجائے وزیراعظم سے بات کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ میٹھا میٹھا ہپ ، ہپ کڑوا تھو تھو نہ کریں۔ وزیراعلیٰ کے پاس تجویز ہے تو اجلاس میں دیتے ایسا تاثر دیا گیا کہ وفاق سندھ کی آواز نہیں سنا رہا‘ ہم پورے پاکستان کی بات کر رہے ہیں۔ میں کرونا کے خلاف مشترکہ طور پر آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتیں ممکنہ ایس او پیز پر کام کریں۔ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو لانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ میڈیا پر آکر وفاق پر الزامات لگاتے رہے، سندھ حکومت کو اگرکسی چیزکی ضرورت ہے تو وہ وفاق کو آگاہ کرے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دنیا سے قرضوں میں ریلیف کی اپیل ترقی پذیر ممالک کے غریب عوام کی آواز ہے۔