لیبیا میں نیشنل آرمی نے ایک بار پھر ترکی پر جنگجوﺅں کو لیبیا میں داخل کرنے کا الزام عاید کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق لیبیا کی قومی فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد المسماری نے کہا کہ ترکی کے ہوائی اڈوں سے لیبیا کے مصراتہ اور طرابلس کے ہوائی اڈوں پر روزانہ کی بنیاد پر جنگجو پہنچائے جاتے ہیں۔ ایک بیان میں المسماری کا کہنا تھا کہ ترکی کی بندرگاہوں سے طرابلس بندرگاہ پر 1500 جنگجو دہشت گرد بھیجے گئے۔سلامتی کونسل کی طرف سے لیبیا میں اسلحہ کی سپلائی بند کرنے کی قراردادو کے باوجود ترکی لیبیا کی قومی وفاف حکومت کو مسلسل اسلحہ اور گولہ بارود بھی فراہم کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکی کے ڈرون طیارے لیبیا میں طبی اور غذائی سامان لے جانے والے قافلوں پر بمباری کرتے ہیں۔المسماری نے کہا کہ جنوب مشرقی علاقوں میں موجود قومی فوج غیرقانونی ھجرت اور منظم جرائم کی روک تھام کے لیے کام کررہی ہے۔لیبیا میں کرونا کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں المسماری کا کہنا تھا کہ فوج کے زیرانتظام علاقوں میں وبا کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت کام جاری ہے۔