امریکہ میں 1,509 مزید ہلاکتیں، نیویارک سمیت متعدد ریاستوں میں شٹ ڈاؤن ختم

Apr 14, 2020 | 12:07

ویب ڈیسک

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وبا سے مزید 1،509 اموات ریکارڈ کی گئیں۔
بالٹی مور میں قائم جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں تازہ ترین 1،509 اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار 529 تک جا پہنچی۔ وبا سے ہلاکتوں کی یہ تعداد دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ ہیں۔
یونیورسٹی کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد اس سے پچھلے دن 1،514 تھی۔
امریکہ میں بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مرکز (سی ڈی سی) کے مطابق ملک میں 550،000 سے زیادہ افراد وائرس سے متاثر ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق نیویارک کے گورنر نے پیر کے روز اعلان کیا کہ دس ہزار افراد کی ہلاکتوں کے باوجود ریاست کے لیے 'بدترین دور' کا خاتمہ ہو گیا ہے جب کہ متعدد ریاستوں نے اپنی بند معیشتوں کو دوبارہ کھولنے کے لیے منصوبہ بندی کرنا شروع کر دی ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ شٹ ڈاؤن کو ختم کرنے کا کوئی بھی فیصلہ ان کے ساتھ مل کر کیا گیا، حالانکہ گورنروں نے لاک ڈاؤن ختم کرنے کے اقدامات انفرادی طور پر کیے تھے۔
دوسری جانب ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ اتنی جلدی پابندیوں کو ختم کرنے سے وبا کی دوسری لہر سر اٹھا سکتی ہے۔

مزیدخبریں