اسرائیل : سیاسی جمود کے خاتمے کے لیے نیتن یاہو اور گینٹز معاہدے کے قریب

Apr 14, 2020 | 16:08

ویب ڈیسک

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور ان کے مرکزی حریف بینی گینٹز قومی ہنگامی حکومت تشکیل دینے کے حوالے سے ایک معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ اس سمجھوتے کا مقصد کرونا وائرس کے بحران کا مقابلہ کرنا اور اس سیاسی جمود کو ختم کرنا ہے جس کی اسرائیل میں اسے سے پہلے کوئی نظیر نہیں ملتی۔

اتحادی حکومت تشکیل دینے کے لیے بینی گینٹز کو دی گئی 28 روز کی مدت آج رات ختم ہو رہی ہے۔ گذشتہ ماہ منعقد ہونے والے انتخابات کے نتائج میں کوئی بھی جماعت فیصلہ کن اکثریت حاصل نہیں کر سکی تھی۔ تاہم اسرائیل کے صدر جو سیاسی اتحاد کے سلسلے میں بات چیت کی نگرانی بھی کر رہے ہیں ،،، انہوں نے مذکورہ مدت میں دو روز کی توسیع کر دی۔

گینٹز اور نیتن یاہو کے درمیان پیر کی شب ملاقات ہوئی۔ یہ دونوں شخصیات کے اختلافات کے تصفیے کے لیے آخری کوشش تھی۔ ملاقات کے بعد جاری ایک مشترکہ بیان میں بتایا گیا کہ دونوں رہ نماؤں کے بیچ "بڑی پیش رفت" ہوئی ہے۔ منگل کی صبح دونوں شخصیات اپنی جانب سے مقرر کردہ خصوصی مذاکراتی ٹیم سے ملاقات کریں گی۔

اگر مذکورہ معاہدہ طے نہیں پا سکا تو پھر پارلیمنٹ کو اختیار دیا جائے گا کہ وہ ایک امیدوار نامزد کر دے۔ اس امیدوار کے پاس حکومت تشکیل دینے کے لیے 14 روز کی مدت ہو گی۔ اگرنامزد شخصیت ایسا کرنے میں ناکام رہی تو پھر نئے انتخابات کی راہ ہموار ہو جائے گی۔

بینی گینٹز نے انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ نتین یاہو کے ساتھ حکومت میں شامل ہو کر کام نہیں کریں گے کیوں کہ وزیراعظم کو بدعنوانی سے متعلق الزمات کا سامنا ہے۔ نیتن یاہو کے خلاف مقدمے کی کارروائی کا آغاز آئندہ ماہ ہو گا۔

مزیدخبریں