اسلام آباد (خبر نگار) پاک فوج اور فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا کے اشتراک سے، خیبر پختونخوا پولیس میں ضم شدہ سابقہ خاصہ دار اور لیویز اہلکاروں کی تربیت کا دوسرا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قبائلی اضلاع کے مختلف علاقوں میں تربیت کے دوسرے مرحلے میں 18 جنوری سے 12 اپریل2021ء تک خیبر پی کے پولیس میں شامل 3300 اہلکاروں کو پاک فوج، فرنٹیئر کور اور خیبر پی کے پولیس کے ماہر تربیت کاروں نے تربیت دی۔ تربیت میں انسداد دہشت گردی، کوئیک ری ایکشن فورس، پولیسنگ، آئی ای ڈیز اور دھماکہ خیز مواد سے نمٹنے، جدید آلات سے آگاہی، جسمانی تندرستی اور فائرنگ کی مشق شامل کی گئی۔ پاسنگ آؤٹ تقریب ایس او پیز کے تحت ہوئی۔