لاہور (سٹی رپورٹر) ماہ رمضان میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے ضلعی حکومت کے پاس وسائل کی شدید کمی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایک کروڑ آبادی کے شہر میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے مختلف محکموں سے مستعار لئے ہوئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد صرف 48ہے۔ جس کے باعث لاہورڈویژن کی پانچ تحصیلوں میں صرف اور صرف 48پرائس کنٹرول مجسٹریٹس قیمتوں پر کنٹرول کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ شہر کی آبادی کے تناسب سے 1پرائس کنٹرول مجسٹریٹ تقریبا 2لاکھ 8ہزار 3سو 34افراد کے علاقہ میں حکومتی رٹ قائم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ماہ رمضان شروع ہوگیا لیکن شہر میں مہنگائی اور گراں فروشوں کو نکیل ڈالنے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد ایک سو تک بھی نہیںہو سکی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثرریاض ملک نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہرمیں کم از کم 250 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ضرورت ہے۔ محکمہ داخلہ کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد بڑھانے کی درخواست کررکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تاہم مخصوص حالات کے باعث ممکن ہے چینی کسی بازار میں وقت پر ناپہنچی ہو مگر ہماری ٹیمیں اشیاء خورد نوش کی دستیابی اور حکومتی قیمت پر ہر حال میں مہیا کرنے پر بھرپور کاوشیں کر رہی ہے۔