اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں کرونا وائرس سے رواں برس ایک روز میں سب سے زیادہ اموات، 118 افراد جاں بحق، اموات کی مجموعی تعداد 15 ہزار 619 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 29 ہزار 920 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 318 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 ہزار 520 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 38 ہزار 267 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 198 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پنجاب میں 7 ہزار 62، سندھ میں 4 ہزار 530، خیبر پی کیمیں 2 ہزار 683، اسلام آباد میں 617، بلوچستان میں 217، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں407 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے واضح کیا ہے کہ کرونا وائرس کی ویکسین کی سپلائی امید کے مطابق رہی تو عید کے بعد تمام پاکستانیوں کیلئے ویکسینیشن کھول دیں گے۔ روزانہ 60 سے 70 ہزار ویکسین لگائی جارہی ہیں۔ ویکسینیشن کی اگلی سپلائی کی ایک دو دن میں تاریخ سامنے آجائے گی ‘ جنوبی صوبوں میں بھی اس کے پھیلاؤ میں تیزی آسکتی ہے۔ اگر ہم آئندہ دو ہفتے محنت کرلیں تو اس سے ہماری صحت کی بھی حفاظت ہوسکتی ہے اور لوگوں کا روزگار بھی بندھا رہے گا۔ رمضان کے آخری عشرے میں لوگوں کا بازاروں میں آنا جانا زیادہ ہوتا ہے۔ عوام ایس او پیز پر عمل در آمد کریں۔ اسد عمر نے کہا ہے کہ صدر‘ وزیراعظم نے اپنی باری آنے پر کرونا ویکسین لگوائی‘ میں بھی اپنی باری کا انتظار کر رہا ہوں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عید کے بعد ویکسینیشن کی تعداد ڈیڑھ سے دو لاکھ تک لے جانا چاہتے ہیں۔ پہلی ترجیح ہیلتھ کیئر ورکرز کو ویکسین لگانا تھا۔ اسد عمر نے کہا امید ہے کہ عید کے بعد تمام پاکستانیوں کو ویکسین لگانا شروع کر دیں گے۔ ویکسین کیلئے رجسٹریشن دس فیصد سے بھی کم لوگوں نے کرائی۔ الائیڈ ہسپتال میں کرونا کے مزید 14 مریض جاں بحق‘ مرنے والوں میں ایک کنفرم اور 13 مشتبہ مریض شامل ہیں۔ الائیڈ ہسپتال میں کرونا کے 15 نئے مریض داخل ہونے سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی تعداد 199 ہوگئی۔ ملک بھر میں فعال کیسزکی تعداد 76034 ہوگئی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے نیا نوٹیفیکشن جاری کردیا جس میں صوبے بھر میں نافذ پابندیوں میں 16 مئی تک توسیع کی گئی ہے۔ ایس او پیز کے حوالے سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق کاروباری سرگرمیاں صبح 6 سے رات 8 بجے تک جاری رہیں گے جب کہ جمعہ اور اتوار کو کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ریسٹورنٹس میں آؤٹ ڈور سروس کی اجازت رات 10 بجے تک ہوگی، تفریحی پارکس، سینما، مزارات مکمل طور پر بند ہوں گے جبکہ شادی بیاہ کی انڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات سماجی، سیاسی، ثقافتی، کھیلوں، میوزیکل اور مذہبی تقریبات پر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ سرکاری اور نجی دفاتر میں پالیسی کے تحت سٹاف کی حاضری 50 فیصد ہوگی۔ پنجاب میں کرونا سمارٹ لاک ڈاؤن میں 26 اپریل تک توسیع دیدی گئی۔ 8 فیصد سے زائد مثبت شرح والے شہروں میں لگائی گئی پابندیوں کی مدت بھی بڑھائی گئی ہے۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جس کے مطابق یکم اپریل سے شروع سمارٹ لاؤن ڈاؤن اب 26 اپریل تک نافذ العمل رہے گا۔ لاہور‘ راولپنڈی‘ ملتان‘ فیصل آباد‘ سرگودھا‘ گوجرانوالہ‘رحیم یار خان‘ بہاولپور‘ بہاولنگر‘ چنیویٹ‘ حافظ آباد‘ قصور‘ ننکانہ صاحب‘ پاکپتن‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ کو کرونا کے 8 فیصد سے زائد مثبت شرح والے شہروں میں شامل کیا گیا ہے۔ صوبہ بھر میں ٹرین سروس کل گنجائش کے 70 فیصد مسافروں کے ساتھ جاری رہے گی۔ تمام کاروباری مراکز شام 6 بجے بند جبکہ ہفتہ اور اتوار کو مکمل طور پر بند رہیں گے۔ پنجاب بھر میں تمام سینما ہالز‘ تھیٹر اور تفریحی مقامات مکمل طور پر بند رہیں گے‘ ہر قسم کے سپورٹس‘ ثقافتی تہوار اور اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ تمام سرکاری و نجی دفاتر کا 50 فیصد عملہ گھر سے کام کرنے کا پابند ہوگا۔ انٹر سٹی ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش کے ساتھ سفر کرسکے گی۔ پٹرولم پمپ کھلے رہیں گے‘ میڈیکل سروسز‘ فارمیسی‘ لیب‘ ہسپتال اور کلینکس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ ملک شاپس‘ آٹا چکیاں‘ تنور‘ سبزی‘ گوشت‘ بیکریاں‘ گروسری سٹورز کھلے رہیں گے۔ ادھر لاہور کے علاقوں اسلام پورہ اورکیولری گراؤنڈ میں سمارٹ لاک ڈاؤن نوٹیفکیشن تک محدود ہے۔ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں نہ ہی پولیس اہلکار تعینات کئے گئے۔ متاثرہ گلیوں میں علاقوں مکینوں کی آزادانہ آمدورفت جاری ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کرونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 366 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 583 افراد صحت یاب ہوئے اور کسی کے جاں بحق ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ منگل کے دن وزیراعلیٰ ہاؤس سے عالمی وبا کوویڈ 19 سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ بڑی خوش قسمتی کی بات ہے کہ آج کوئی بھی مریض اس وباء کا شکار نہیں ہوا۔ دریں اثناء چین پاکستان کو کرونا ویکسین کی مزید 5 لاکھ خوراکیں عطیہ کرے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کو چین سے کرونا ویکسین کی یہ خوراکیں رواں ماہ ملنے کی توقع ہے۔ ادھر اسرائیل کی کابینہ برائے کرونا وائرس نے ملک میں تعلیمی نظام کو پوری طرح سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ منگل کے روز وزیراعظم دفتر سے جاری ہونیوالے ایک بیان کے مطابق کابینہ نے وزارت تعلیم کی جانب سے تجویز کردہ منصوبے کے حق میں ووٹ دیا۔ جس کے تحت 18 اپریل بروز اتوار تک سکولوں پر عائد زیادہ تر پابندیوں کو اٹھا لیا جائیگا۔