نئی دہلی (اے پی پی) بھارتی سپریم کورٹ نے قرآن پاک سے 26 آیات حذف کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کو 50 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق جسٹس روہنتن نریمان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے گزشتہ روز سماعت کے دوران اترپردیش کے سنٹرل وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم (ملعون) کی درخواست کو بیہودہ قرار دیکر مسترد کر دیا۔ بھارت کی مسلم تنظیموں اور سیاسی جماعتوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابو القاسم نعمانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ امید افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے سے اپنے مقام اور اپنی حیثیت کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآن ایک آسمانی کتاب ہے جس میں کسی بھی طرح کی ترمیم یا کوئی آیت حذف کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔