عوام کوپریشان دیکھ سکتا ہوں نہ قانون کی بالا دستی پر سمجھوتہ ہوگا عثمان بزدار

Apr 14, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ اور پولیس کو قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی اور رٹ آف دی سٹیٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ راستے بند کرنے سے عوام خصوصاً بوڑھوں، بیماروں اور خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ راستوں کی بندش کی وجہ سے عوام کو جو تکلیف اٹھانا پڑی، ذاتی طور پر معذرت خواہ ہوں۔ عوام کو پریشان نہیں دیکھ سکتا، راستے بند کرنا قابل مذمت اقدام ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ جس کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ معمولات زندگی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کی ذاتی طور پررات بھر سے مانیٹرنگ اوراحکامات جاری کر رہا ہوں۔ پولیس اورانتظامیہ کی بروقت کارروائیوں سے بیشتر راستے بحال ہوچکے ہیں۔ معمولات زندگی کی مکمل بحالی تک نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ  نے شاہراہوں اور راستوں میں ٹریفک بحال کرنے پر انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کی اور مظاہرین کی وجہ سے زخمی پولیس اہلکاروں سے اظہار ہمدردی کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس اہلکاروں کی فرض شناسی کو بھی سراہا۔ عثمان بزدار سے خانیوال سے رکن پنجاب اسمبلی حامد یار ہراج نے ملاقات کی  اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے اضلاع کے لئے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ لا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے پرائس کنٹرول میکانزم مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا ہے کہ صوبہ بھر کے313 رمضان بازاروں میں ضروری اشیائے صرف 3 سال پرانے نرخ پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ رمضان بازاروں کے اچانک دورے کرکے نرخ کا جائزہ لوں گا۔ رمضان بازار میں غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ عثمان بزدار نے نعت گو راجہ رشید محمود کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سکھ برادری کو خالصہ جنم دن ویساکھی کے تہوار کی مبارکباد دی ہے۔

مزیدخبریں