اسلام آباد(نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور بلوچستان یونیورسٹی کے مابین صوبے میں تعلیم کے فروغ اور ناخواندگی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوشش کرنے اور اقدامات اٹھانے پر اتفاق ہوگیا۔وائس چانسلر، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم اور بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر شفیق الرحمن نے ملاقات میں صوبے کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں پر مشتمل بکھری ہوئی آبادی کے مکینوں کو تعلیمی نیٹ میں شامل کرنے کے لئے فاصلاتی نظام تعلیم کو ناگزیر قرار دیا۔ دونوں جامعات کے وائس چانسلرز نے باہمی دلچسپی کے امور اور صوبے میں طلبہ کو آسانیاں فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ڈاکٹر ضیا القیوم نے بلوچستان میں اوپن یونیورسٹی کے تعلیمی نیٹ ورک کی توسیعی منصوبے سے بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو آگاہ کیا۔ بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم اپنی ٹیم ڈائریکٹر جنرل، انعام اللہ شیخ، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اینڈ فالو اپ، میجر(ر)عمر یونس کے ہمراہ بلوچستان کے دورے پر ہیں۔
تعلیم کا فروغ ،علامہ اقبال اوپن،بلوچستان یونیورسٹی کے مابین اتفاق
Apr 14, 2021