پیپلز پارٹی پنجاب میں دھڑے بندیاں‘ سابق عہدیدار نئی تنظیم کے ساتھ کام کرنے سے انکاری

Apr 14, 2022

لاہور (شیخ طاہر علی) پیپلز پارٹی پنجاب اور لاہور تنظیم میں دھڑے بندیوں کا سلسلہ پارٹی کے الائیڈ ونگز میں بھی کافی حد تک سرائیت کر چکا ہے اور دھڑے بندیوں کے باعث کچھ عہدیدار ایک دوسرے کے ایونٹس پر بھی جانے کو تیار نہیں، اس وقت پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف اور سید حسن مرتضی جنرل سیکرٹری پنجاب کو سابق پنجاب تنظیم کی جانب سے لگائے گئے لوگوں کی جانب سے گروپ بندیوں کا سامنا ہے۔ سابق صدر پیپلز پارٹی پنجاب کی طرف سے بنائے گئے عہدیدار نئی تنظیم کے ساتھ ملکر کام کرنے کو تیار نہیں، وہ مختلف حیلے بہانوں سے ٹال مٹول سے کام لینے کی کوشش کرتے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ جب سید حسن مرتضی جنرل سیکرٹری پنجاب کی طرف سے مختلف اضلاع میں نئے عہدیدار لگانے کا کام شروع کیا گیا تو اس پر بھی انہیں مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل کے ساتھ سابق صد پیپلز پارٹی لاہورکی طرف سے لگائے جانے والے عہدیدار و سابق زونل صدور سے کوآرڈنیشن کا فقدان ہے۔ اسی طرح سے پیپلز پارٹی شعبہ خواتین ونگ بھی دھڑے بندی کا شکار ہے۔ شعبہ خواتین لاہور کی صدر اور جنرل سیکرٹری کے مابین معاملات بھی بہتر نہیں ہیں۔ یوتھ ونگ، پی ایس ایف ونگز اور علماء ونگز، مینارٹی ونگز بھی دھڑے بندیوںکا شکار ہو چکا ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے انفارمیشن سیکرٹری شہزاد چیمہ نے نوائے وقت کو بتایا کہ لاہور میں پارٹی تنظیم نو کی ڈیڈ لائن مارچ تھی مگر حلقہ 133 کے الیکشن، کسان محاذ، عوامی مارچ اور تحریک عدم اعتماد کے سبب تنظیم سازی کا کام متاثر ہوا جو کہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
پی پی/ دھڑے بندیاں

مزیدخبریں