اسلام آباد (نامہ نگار) تحریک انصاف کے 20 منحرف ارکان کے خلاف ریفرنسز الیکشن کمشن کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ذرائع قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے 20منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس موصول ہوئے تھے جنہیں 2دن کے اندر الیکشن کمشن کو بھجوانا ضروری تھا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ان اراکین پر الزام ہے کہ انہوں نے پارٹی قیادت کی ہدایات پر خلاف ورزی کی اور اپوزیشن بنچوں پر بیٹھے تھے اور انہوں نے پارٹی کی پالیسیوں کے خلاف ووٹ دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔ سیکرٹریٹ ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ان 20ارکان نے تحریک عدم اعتماد کے دوران اپوزیشن کو ووٹ نہیں دیا اور نہ ہی شہباز شریف کے بطور وزیر اعظم انتخاب میں ووٹ ڈالا ہے۔ آئین کے تحت 20منحرف ارکان کے خلاف نا اہلی کا ریفرنس الیکشن کمشن کو بھجوایا گیا ہے جس کی تصدیق بھی کردی گئی ہے۔ الیکشن کمشن ان ریفرنسز پر 30دن میں اس پر فیصلہ کرے گا۔