اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم میاں شہباز شریف آج وزیراعظم آفس میں توانائی اور معیشت کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کریں گے اور مسلم لیگ ن کی معاشی ٹیم کی جانب سے انہیں حالیہ معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم دفتر میں اپنے معمول کی مصروفیات کے علاوہ وفاقی کابینہ کی تشکیل کے ضمن میں اتحادی جماعتوں کی قیادت سے مشاورت بھی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے آئندہ چند روز میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات بھی متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو مختلف وزارتوں کے حکام کی جانب سے وزارتوں کے امور اور ترقیاتی منصوبوں پر بھی بریفنگ دیئے جانے کا امکان ہے۔