پشاور (نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کی جان کو خطرہ، جیل میں بھی ڈالا جاسکتا ہے، عالمی طاقتیں عمران خان کی جان لینے کی کوشش کرسکتی ہیں، نوازشریف سعودی عرب سے پاک صاف ہو کر آرہے ہیں، اب ہم کہتے ہیں امپورٹڈ حکومت ہے، الیکشن کراؤ۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف پر جس دن فرد جرم عائد ہونا تھا اسی دن حلف اٹھایا، عمرے کیلئے جارہا ہوں، لاہور جلسے میں شمولیت نہیں کر پاؤں گا، انٹرنیشنل پلان ہے چوروں کو اوپر لانا ہے۔ ہمارے ساتھ وزارتوں کے مزے لوٹنے والوں نے ہمارا ساتھ چھوڑ دیا ہے، جو ایک دوسرے کی شکل نہیں دیکھنا چاہتے تھے اب ایک ہوگئے ہیں، فرد جرم لگنے والے دن انہوں نے فائلیں اٹھائیں اور قلمدان سنبھال لی، 16 کو کراچی میں لوگوں کا سمندر ہوگا۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فوج کیخلاف کوئی نعرہ نہیں لگنا چاہیے، گالیاں دینے والے فوج سے صلح کرسکتے ہیں تو ہمیں بھی ان سے غلط فہمیاں دور کرنی چاہئیں۔ عارضی بھان متی کا کنبہ گینگ آف 4 جب ٹی وی پر آتا ہے تو لوگ چینل بدل دیتے ہیں، اس ملک میں یقیناً ڈالروں کی برسات ہوگی، آئی ایم ایف کی آسانیاں ہونگی۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان 15جون کو اسلام آباد کی کال دے گا۔ اس سے قبل ہی اسکی جان کوخطرہ ہے۔ عمران خان گردن اٹھا کر آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کرتا تھا۔ عمران خان کو اپنا استعفیٰ لکھ کر دے چکا ہوں، جس دن بھی استعفے قبول ہوئے تو سب سے پہلے میرا استعفیٰ قبول ہوگا۔
شیخ رشید