کامیابی کیلئے پر امید ، عمران ن لیگ کا ہاضمہ خراب کر کے دم لیں گے : پرویز الٰہی 

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے حکومتی اتحاد کے امیدوار چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ کامیابی کے لئے پرامید ہیں، عمران خان (ن) لیگ کا ہاضمہ خراب کر کے ہی دم لیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ میں نے وزیر اعلیٰ بن کر آپ کے لئے بہت کام کرنے ہیں، ہم کامیابی کے لئے پر امید ہیں، علیم اور حمزہ کی آپس کی لڑائی سے میرا کیا تعلق ہے؟۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر نامزد امیدوار پرویز الٰہی سے سابق صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر میاں محمود الرشید نے کہا کہ ہمارے نامزد امید وار برائے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی انشاء اللہ واضح اکثریت سے کامیاب ہوں گے، تحریک انصاف کے یرغمال ارکان بھی وقت آنے پر ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے، (ن) لیگ کا ٹکٹ آئندہ الیکشن میں اپنی کشش کھو چکا، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پنجاب میں ن لیگ کی ہارس ٹریڈنگ کا عدلیہ کو از خود نوٹس لینا چاہیے۔ سبطین خان نے کہا کہ انشاء  اللہ ن لیگ کے جھوٹے دعووں کا پول الیکشن کے روز کھل جائے گا، عمران خان کے حق میں عوامی ردعمل دیکھ کر منحرف ارکان کی آنکھیں کھل چکی ہیں، منحرف ارکان اب نقصان کا سودا نہیں کریں گے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے  وزیراعلیٰ کے لئے امیدوار چوہدری پرویزالٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں اسلم اقبال، چوہدری ظہیرالدین، راجہ راشد حفیظ، سمیع اللہ اور دیگر ارکان اسمبلی بھی شریک ہوئے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے سلسلے میں ارکان سے رابطوں پر بات چیت کی۔ چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے اتحادی ارکان اسمبلی کو آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے ٹاسک دیئے گئے۔ چودھری پرویزالٰہی کی جانب سے دونوں جماعتوں کے تین ڈویژن کے ارکان پنجاب اسمبلی کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ پر کرپشن کیسز ہیں جس پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا، عمران خان کو عوامی رابطہ مہم میں بہت پذیرائی حاصل ہوئی، بہتر انداز میں پنجاب کے عوام کی خدمت کریں گے، ان شاء اللہ 16 اپریل کو کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ضمیر مطمئن ہے، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق یک جان دو قالب ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔ اجلاس میں حسین الٰہی ایم این اے، شفقت محمود سمیت ارکان پنجاب اسمبلی محمد بشارت راجہ، سبطین خان، میاں محمود الرشید سمیت دیگر ارکان پنجاب اسمبلی نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن کے ارکان پنجاب اسمبلی نے شرکت کی، سابق وزراء اور ارکان اسمبلی کو رابطوں کیلئے مختلف ٹاسک سونپے گئے، اجلاس میں خواتین ارکان اسمبلی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن