چاہتے ہیں پرویز الٰہی سیاسی دائرے میں واپس آجائیں ، متحدہ سے معاہدے کا ضامن ہوں : زرداری 

Apr 14, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف زرداری نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ عمران خان شروع سے ہی جھوٹ بولتے ہیں۔ مجھے 8 ماہ کیلئے  سرکاری مہمان بنایا گیا پھر میاں صاحب چلے گئے تھے۔ اسفند یار ولی  میری بات مانتے ہیں۔ نواب  شاہ کا بجٹ بھی اتنا ہی ہے جتنا دادو اور نوشیرو فیروز کا رکھا۔ جتنے  بھی دوست اتحاد میں ہیں ان کے ساتھ ہمارے معاہدے ہوئے ہیں۔ میں نے ان سب کو اکٹھا کیا ہے۔ ان کے جینوئن مطالبات کو پورا کیا جائے۔ ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدے کا ضامن بھی  میں ہوں۔ پرویز الٰہی ہم سے تھوڑے سینئر ہیں ہم ان کیلئے کوشش کرتے رہے۔ جب بچے بڑے ہو جاتے ہیں تو مسئلہ ہوتا ہے۔ کسی نے پرویز الٰہی کو مس گائیڈ کیا۔ ہم تو ابھی بھی چاہتے ہیں پرویز الٰہی سیاسی دائرے میں واپس آ جائیں۔ شہباز شریف کو کہا آپ وزیراعظم بن جائیں‘ میرے پاس 70 ووٹ ہیں۔ میں نے شہباز شریف کو وزیراعظم بننے کی پیشکش کی تھی۔  اتحادیوں سے رابطے میں تھا۔ مجھے پتا تھا وہ میرے ساتھ آئیں گے۔ اتحادیوں کو پتا ہے کہ جو میں نے وعدہ کیا وہ پورا کروں گا۔ نفرت عمران خان سے نہیں اس کی سوچ سے ہے۔  بلاول بھٹو پوری سی ای سی کو ساتھ لیکر چلتے ہیں پھر پالیسی بناتے ہیں۔ بلاول بھٹو وزیر خارجہ بنتے ہیں یا نہیں اس کا فیصلہ سی ای سی کرے گی۔ ہارس ٹریڈنگ نہیں ہونی چاہئے۔ کیا مینگل‘ بگٹی‘ مگسی کو کوئی خرید سکتا ہے؟۔ میرے پرانے تعلقات کام آئے۔ ہم دوستوں کو آزمائش میں نہیں ڈالتے۔ پی ٹی آئی کو سمجھانا چاہئے کہ اسمبلی میں واپس آ جائیں۔ دو تہائی اکثریت حاصل کرنا آسان نہیں ۔ آج کے پاکستان میں یہ بہت مشکل  ہے۔ آج سوشل میڈیا بہت خطرناک ہو گیا ہے۔ جس سے بھی بات چیت کی اس سے سیاسی اتحادی کی بات کی۔ عمران خان کی طرف سے میری بہن کو جیل بھیجنا  جائز تھا؟۔ فالودے والے کے اکاؤنٹ میں پیسے جانے کا پراپیگنڈا کیا گیا۔ اگر فالودے والے کے اکاؤنٹ میں پیسے گئے  تو پراسیکیوشن سامنے لے آئے۔ بزنس کمیونٹی اور بیورو کریٹس نیب سے ڈر گئے ہیں۔ ایک زرداری سب پر بھاری نہیں ایک زرداری سب سے یاری پر یقین رکھتا ہوں۔ تھانے کے ماحول میں گورا صاحب کو ڈالا جائے تو وہ پریشان ہو جائے گا، پی ٹی آئی میں زیادہ تر لوگ  پیپلز پارٹی کی نرسری سے گئے ہیں، بابر اعوان اور دوسرے لوگ ہیں جو میری صلاحیت سے واقف ہیں، جب میں صدر تھا تو پیپلز پارٹی کے پاس عددی تعداد پوری نہ تھی، دوستوں کو ملا کر حکومت بنا لی تھی، انہی لوگوں نے مشورہ دیا ہو گا کہ اس کا خیال کرنا حکومت کو گرا دے گا، امریکہ کے لئے دنیا میں ایشوز ہیں، روس ہے،کرونا  کی وجہ سے سست روی ہے، ان کو پاکستان یاد بھی نہیں ہو گا، افغانستان کا ایک ایشو ہے، عمران  خان اپنی لائن بیچ رہا ہے، غلط بیانی سے کا م لے رہا ہے۔ زرداری نے انکشاف کیا کہ عمران خان کو چھپکلی سے ڈر لگتا ہے۔ تھانوں میں تین تین ماہ رہا ہوں۔ 

مزیدخبریں