احتساب عدالت پیشی پنجاب میں ساری نمبر گیم پوری : حمزہ شہباز 

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) حمزہ شہباز نے پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں نمبر گیم پوری ہے۔ احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں پنجاب اسمبلی کا ریکارڈ اور گواہان طلب جبکہ رمضان شوگر ملز کیس میں بریت درخواست پر مزید دلائل آئندہ سماعت پر طلب کر لئے ہیں۔ حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری مکمل کروائی۔ گزشتہ روز آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں گواہ تجمل اسلام کے بیان پر جزوی جرح مکمل کرلی گئی۔ پنجاب اسمبلی ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن نے عدالت کو بتایا کہ میاں شہباز شریف کے وزیر اعلیٰ کے وقت کا پرانا ریکارڈ پیش کرنے کے لئے دقت دیا جائے، عدالت نے ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ جبکہ رمضان شوگر مل کیس میں عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواستوں پر مزید دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 28اپریل تک ملتوی کردی۔ نیب کے ریفرنس کے مطابق میاں شہباز شریف پر رمضان شوگر ملز کے لیے سرکاری خزانے سے نالہ اور پل بنانے کا الزام ہے۔ منی لانڈرنگ سمیت دیگر مقدمات کی سماعت میں احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کی عدالت سے حاضری معافی کی درخواست 28 اپریل تک منظور کرلی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے 3 کیسوں میں  حاضری معافی کی درخواست جمع کرا دی گئی، وزیراعظم کی لیگل ٹیم نے عدالت کے روبرو درخواست میں استدعا کی کہ وزیراعظم شہباز شریف آج عدالت پیش نہیں ہو سکتے اس لئے عدالت حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔

ای پیپر دی نیشن