مکہ مکرمہ + اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ ممتاز احمد بڈانی + نوائے وقت رپورٹ) متحدہ عرب امارات کے شیخ خلیفہ بن زاید النہیان، نائب صدر و وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم اور ابوظبی کے ولی عہد و اماراتی مسلح افواج کے نائب سپہ سالار اعلی شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے محمد شہباز شریف کو وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان منتخب ہونے پر مبارکبا د دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم پاکستان کا حلف اٹھانے پر شہباز شریف کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے وزیراعظم منتخب ہونے پر محمد شہباز شریف کو مبارکباد دی ہے۔ بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام تعلقات کے گہرے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں اور میں پاکستان کے ساتھ مشترکہ دلچسپی کے شعبوں پر مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔جبکہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی ہے۔ برطانوی وزیراعظم نے کہا ہے کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اور گہرے تعلقات ہیں۔ مشترکہ دلچسپی کے میدان میں مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔
شہباز شریف کو شاہ سلمان ، سعودی اور ابوظہبی کے ولی عہد ، برطانوی وزیراعظم کی مبارکباد
Apr 14, 2022