لایور(کامرس رپورٹر )چیئرمین عوام تحفظ موومنٹ ڈاکٹر نوید الٰہی نے شہباز شریف کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے کام کریں گے۔ سابقہ حکومت نے نااہلی اور ناسمجھی کی بنا پر عوام کو مہنگائی کے عفریت کے شکنجے میں پھنسایا اورملک کو بین الاقوامی طور پر نقصان پہنچایا تھا ان غلطیوں سے بچیں گے۔ڈاکٹر نوید الہی نے کہا کہ نئی حکومت کو تین اہم چیلنجز کا سامنا ہے، مہنگائی میں پسے ہوئے عوام کو ریلیف دینا، کمزور و مضمحل معیشت کو مستحکم کرنا اور پاکستان کی گرتی ہوئی بین الاقوامی ساکھ کو بحال کرنا۔ شہباز شریف حکومت چلانے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور محنتی ایڈمنسٹریٹر کے طور پہ جانے جاتے ہیں۔ ان سے بہتری کی امید ہے۔ مگر یہ حکومت نہ صرف انکے لئیے بلکہ انکی تمام اتحادی پارٹیوں کے لیے کڑا امتحان ہے۔ وقت کم ہے اور مقابلہ سخت۔ اپنے لیے پندرہ روزہ اہداف مقرر کریں تاکہ روز افزوں بہتری نظر آئے۔ اچھے اور ایماندار افسران کی ٹیم تشکیل دیں جو ان اہداف کو کامیابی سے پا سکیں۔ غیر ملکی دوروں سے پرہیز کریں۔ اس امر پہ اطمینان کا اظہار کیا کہ شہباز شریف نے عہدہ سنبھالتے ہی تنخواہ داروں اور مزدوروں کی آمدنی میں مقدور بھر اضافہ کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈاکٹر نوید الہی نے عمران خان کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی اور ملک میں انتشار پھیلانے کی مہم سے اجتناب کرنے کی تجویز دی۔ آئین کے مطابق حکومتیں اور حکمران آتے جاتے رہتے ہیں۔ ریاست اور اسکے مقتدر اداروں کو نقصان مت پہنچائیں۔ انہوں نے چوہدری پرویز الہی جیسے موقع پرست سیاستدانوں کو نظامِ سیاست کی سب سے بری اور بڑی برائی قرار دیا۔ اور کہا کہ عوام تحفظ موومنٹ فرسودہ اور ناکام سیاسی نظام کی تبدیلی اور سیاست میں نئے چہروں کی حامی ہے۔
شہباز شریف حکومت چلانے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں: نوید الٰہی
Apr 14, 2022