لاہور (سپورٹس رپورٹر ) کراچی میں نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں پاکستانی خواتین کیلئے تربیت کی مناسب سہولیات کا فقدان ہے۔ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر میں کھلاڑی فرسودہ آلات اور جم میں تربیت یافتہ عملے کی کمی سے ناخوش ہیں۔ رمضان کے دوران پی سی بی نے ٹریننگ سیشن کا شیڈول دوپہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک رکھا ہے جسے کرکٹرز نے ناموافق قرار دیا ہے۔ جب پی سی بی کو ماہ رمضان کیلئے وقت تبدیل کرنے کا کہا گیا تو انتظامیہ نے بتایا کہ تربیتی عملہ کسی اور وقت خدمات انجام دینے سے قاصر ہے اور کوئی آپشن نہیں ہے۔پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سنٹر میں تکلیف کو دیکھتے ہوئے کئی کرکٹرز نے فٹنس برقرار رکھنے کیلئے متبادل تربیتی پروگرام شروع کر دیئے ہیں۔ پی سی بی نے تاحال اس صورتحال کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا۔ پاکستانی خواتین کی ٹیم حال ہی میں نیوزی لینڈ میں ورلڈ کپ مہم سے واپس آئی تھی جہاں گرلز ان گرین متاثر کرنے میں ناکام رہیں اور 7 میں سے صرف ایک میچ جیت سکی۔
پی سی بی خواتین کرکٹرز کیلئے مناسب تربیتی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام
Apr 14, 2022