رمیز راجہ ، ڈائریکٹرز عزت سے گھر چلے جائیں شکیل شیخ 

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ گورننگ بورڈ کے سابق رکن، اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سابق سربراہ شکیل شیخ نے کہا ہے کہ کرکٹ کے تمام مسائل کا حل نجم سیٹھی ہیں، ان کے علاوہ کوئی دوسرا شخص نہیں جو موجودہ حالات میں ملکی کرکٹ کو درپیش مسائل سے نکالنے کی اہلیت رکھتا ہو، انہیں کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بننا چاہیے۔ پاکستان کے لوگ دیکھیں گے کہ نجم سیٹھی کے چیئرمین بننے کے بعد کیسے ملک کے طول و عرض میں کرکٹ مقابلوں کا انعقاد ہوتا ہے، لوگوں کو نظر آئے گا کہ پاکستان کرکٹ کا حقیقی بنیادی ڈھانچہ کیا ہے۔ ہم نے سارا ہوم ورک کر لیا ہے ڈیپارٹمنٹ کرکٹ بحال ہو گی، علاقائی کرکٹ نئے جوش و جذبے سے شروع ہو گی، پاکستان میں نوجوان کرکٹرز کیلئے کھیل کے مواقع پیدا ہوں گے۔ نجم سیٹھی نے جیسے پاکستان سپر لیگ کو کامیاب بنایا ویسے ہی وہ ایک مرتبہ پھر محکمہ جاتی اور علاقائی کرکٹ کو شروع کریں گے اور کرکٹرز کو کھیل کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ ان کے معاشی مستقبل کو بھی محفوظ بنایا جائیگا۔ پی سی بی کی اعلیٰ انتظامیہ میں بڑی تبدیلیاں ہوں گی اس وقت جتنے بھی ڈائریکٹرز ہیں ان کی اکثریت کو اب گھر جانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کرکٹ کو نئے چہروں کی ضرورت ہے۔ کرکٹ آپریشنز میں بھی نئے اور باصلاحیت افراد کو سامنے لانے کی ضرورت ہے۔ برسوں سے ملکی کرکٹ کو نقصان پہنچانے والوں کو گھر بھیجا جائیگا۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کو عزت کیساتھ گھر چلے جانا چاہیے اس حوالے سے ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ انہیں سابق وزیراعظم عمران خان نے نامزد کیا تھا حکومت کے پاس تبدیلی کے کئی راستے ہیں۔ دو ہزار اٹھارہ سے آج تک ملک کے مقبول ترین کھیل کو بہت نقصان پہنچا ہے زوال کی طرف جاتی ہوئی ملکی کرکٹ کو اٹھانے کیلئے بہت محنت کی ضرورت ہے اور نجم سیٹھی اس حوالے سے ہوم ورک مکمل کر چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...