حضرت خدیجۃ الکبریٰ کی سیرت خواتین کیلئے مشعل راہ،حاجی اطہر عطاری

Apr 14, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر )عوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی محمد اطہر عطاری نے کہا ہے کہ ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کی شخصیت عورتوں کیلئے بہترین کردار ہے ، آپ کی شخصیت ،آپ کی سیرت مومنوں بالخصوص مومنات کیلئے بہترین مثال ہے کہ جن کو اپنا کر دنیا وآخرت کی بھلائی حاصل کی جاسکتی ہے ،آج مسلمان عورتیں نہ دیکھتی ہیں نہ سوچتی ہیں اور نہ جانے کس کس کو اپنا آئیڈیل بنالیتی ہیں ،سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کی والدہ محترمہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کی مبارک سیرت کا مطالعہ کریں کہ آپ نے کس انداز سے رسول پاک ﷺکی خدمت کی ۔ ان خیالات کا اظہار  انہوں نے  عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں رمضان المبار ک میں ایک ماہ کے نفلی اعتکاف کرنے والے عاشقان رسول سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ رکن شوریٰ نے کہا کہ رسول پاکﷺاور سیدتنا خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کی مبارک ازدواجی زندگی ایک شادی شدہ جوڑے کیلئے رول ماڈل ہے ،آپ نے قدم قدم پر اپنے شوہر نامدارﷺکی خدمت کرنا،ان کی مدد کرنا،باہر کے حالات کا مقابلہ کرکے جب سرکارﷺگھر تشریف لاتے تو آپ کی دلجوئی ،مسکراہٹ ،حوصلہ افزائی یہ شادی شدہ جوڑے کیلئے زبردست مثالیں ہیں ۔خواتین کیلئے امہات المومنین اورصحابیات کی سیرتیں مثال ہیں کہ انہوں نے کس  طرح  نبی کریم ﷺسے تربیت حاصل کی اور معاشرے میں کس انداز میں کردار ادا کیا ،انہوں نے اپنے گھر کو گہوارہ سنت بنایا ،اپنے بچوں کی پرورش کی، اپنے اہلخانہ کو خوش رکھنے کا اہتمام کیسے کیا ،وہ کس طرح حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کیاکرتی تھیں اورکس طرح سے وہ اپنے بچوں کو محبت کا پیغام دیتیں ،ایثارکا پیغام دیتیں ،انہیں حضورﷺکی محبت  اور شریعت پر عمل کا پیغام دیتی تھیں ،آج خواتین کے جتنے بھی کردار ہیں ان سب کو اگر آئیڈیل صورت چاہئے تووہ ان مبارک ہستیوں سے استفادہ کریں ۔حاجی محمد اطہر عطاری نے کہا کہ امہات المومنین کی سیرت میں عبادت ،تقویٰ وپرہیزگاری ،خوف خدا ،عشق رسول ،دنیا سے بے رغبتی ،حقوق العباد کی فکر ،علم دین سیکھنے اور دوسروں کو سکھانے کے علاوہ اعلی اوصاف کے بہت سارے واقعات موجود ہیں۔اس میں ہمارے لئے دعوت فکر بھی ہے اور دعوت عمل بھی ہے ،ان کے اعلیٰ اوصاف اور اخلاق کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور اپنی دنیا وآخر ت کو سنواریں ۔
حاجی اطہر عطاری

مزیدخبریں