وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی کی جانب سے پانچ وزراء کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے سینئر وزیر سردار تنویر الیاس، عبد الماجد خان، علی شان سونی، خواجہ فاروق اور اکبر ابراہیم کو برطرف کر دیا گیا ہے۔وزراء کو مس کنڈکٹ، بدعنوانی اور مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے کابینہ سے نکالا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے آزاد کشمیر میں تحریک عدم اعتماد کی منظوری دے دی تھی ۔عدم اعتماد پر منظوری کے بعد اب عبدالقیوم نیازی کی جگہ سردار تنویر الیاس وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے۔اس حوالے سے عمران خان نے تحریک انصاف کے تمام ایم ایل ایز کو ہدایت کردی ہے کہ اسمبلی کا اجلاس 15 اپریل کو ہوگا۔دوسری جانب پارٹی چیئرمین کی ہدایت پر اسد عمر نے اسپیکر قانون سازی کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد سردار تنویر الیاس تحریک انصاف کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم آزادکشمیر عبدالقیوم نیازی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرا دی گئی تھی۔تحریک علی شان سونی، اکبر ابراہیم اور ماجد خان صاحب کی طرف سے جمع کروائی گئی تھی۔مظفرآباد تحریک عدم اعتماد پی ٹی آئی کے اپنے ہی پچیس اراکین کے دستخط کے ساتھ جمع کرائی گئی جبکہ متبادل وزیر اعظم کے لئے سردار تنویر الیاس کا نام دیا گیا تھا۔