لاہور (خبرنگار+ آئی این پی) لاہور انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز بٹر نے سابق وزیراعظم عمران خان کی دو مقدمات میں بذریعہ ویڈیو لنک حاضری کی استدعا منظور کرتے ہوئے چار مئی تک عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جو ریلیف عمران خان کو دوں گا وہی حمیدے کمہار کو دوں گا، دونوں میں کوئی فرق نہیں، میرے لیے دونوں برابر ہیں۔ دوران سماعت سربراہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے عدالت کو بتایا کہ جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں عمران خان کی گرفتاری درکار نہیں ہے، جس پر عمران خان کے وکیل نے درخواست ضمانت واپس لے لی۔ علاوہ ازیں عدالت نے فرخ حبیب، فواد چوہدری، حماد اظہر، میاں محمودالرشید اور اعجاز چودھری کی بھی عبوری ضمانت میں بھی 4 مئی تک توسیع کردی۔ دریں اثناء جلاؤ گھیرا کے مقدمے میں پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بے قصور قرار دے دیا۔
جلائو گھیرائو میں عمران بے قصور، 2مقدمات میں ویڈیو لنک حاضری منظور، 4مئی تک ضمانت
Apr 14, 2023