ای سی سی: الیکٹراک بائیک ، رکشہ کیلئے بلاسود قرضوں ، پی آئی اے کیلئے حکومتی گارنٹی 15ارب روپے کرنے کی منظوری

Apr 14, 2023

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے الیکٹرک بائیکس اور ای رکشہ سکیم کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم یوتھ بزنس اور زرعی لون سکیم کے تحت ای بائیکس اور رکشہ کیلئے قرضہ دیا جائے گا۔ ای سی سی نے پنجاب میں چینی 95 روپے فی کلو فراہم کرنے کے فیصلے کی بھی توثیق کردی۔ جبکہ افغانستان کے راستے وسط ایشیائی ممالک تک زمینی راستے سے تجارت کیلئے انگور اڈہ کو مجاز لینڈ روٹ سٹیشن قرار دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں الیکٹرک بائیکس اور ای رکشہ سکیم کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وزیراعظم یوتھ بزنس اور زرعی قرض سکیم کے تحت ای بائیکس اور رکشہ کیلئے قرضہ دیا جائے گا۔ ای بائیک اور رکشہ کیلئے پہلی کیٹگری میں 5 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا۔ وزارت خزانہ کے مطابق قرضہ صفر شرح سود پر تین سال کیلئے دیا جائے گا۔ جبکہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے الیکٹرک بائیک اور الیکٹرک رکشہ کیلئے وزارت صنعت و پیداوار کو فنانسگ فیسیلٹی فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔ اجلاس میں کمیٹی کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ پنجاب کی صوبائی پی ایس ایم اے 20 ہزار میٹرک ٹن چینی فراہم کرے گی دیگر صوبے بھی چینی کی کم قیمت پر دستیابی کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں پی آئی اے کی حکومتی گارنٹی میں 15 ارب روپے سے زائد کا اضافہ کر دیا گیا۔ انگور اڈہ کو افغانستان اور وسطی ایشیا کیلئے ایکسپورٹ لینڈ بنانے کی منظوری، وزارت ہاؤسنگ کیلئے 26 کروڑ 10 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت قومی صحت کیلئے 14 کروڑ 25 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔دریں اثناء وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے صدر اور سی ای او ڈیوڈ ملی بینڈ نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے انہیں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں ملک  میں پیداہونے والی مجموعی سیاسی اور اقتصادی صورت حال سے آگاہ کیا۔ انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے صدر اور سی ای او  ڈیوڈ ملی بینڈ نے سیلاب کے بعد فراہم کیے جانے والے سماجی تحفظ کے مختلف نیٹ ورکس کے حوالے سے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے حکومت کے اقدامات اور افغان مہاجرین کو پاکستان کی جانب سے ہمیشہ فراہم کی جانے والی زبردست مدد کو بھی سراہا۔

مزیدخبریں