عمران کا امریکہ پر حکومت گرانے کا الزام پھر رابطے منافقت: وزیراعظم

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکہ پر اپنی حکومت گرانے کا الزام لگانے سے لے کر اب امریکہ سے تعلقات ٹھیک کرنے کی کوشش تک عمران نیازی کی منافقت کی کوئی حد نہیں ہے۔ جمعرات کو ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی کے جھوٹ اور اقتدار کی ہوس نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہم مفادات کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ مزید براں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شیخ مبارک جابر المبارک الحمد الصباح کے انتقال پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امیر کویت شیخ نواب الحمد الجابر الصباح اور سوگوار خاندان کے دیگر افراد سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے استعداد کار بڑھانے کیلئے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کی مسلسل حمایت کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے صدر اور سی ای او ڈیوڈ ملی بینڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے دوران آئی آر سی کی بروقت مدد کو سراہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی اور آفات سے نمٹنے کے لئے استعداد کار کو مزید فروغ دینے میں آئی آر سی کی مسلسل حمایت کا منتظر ہے۔ ڈیوڈ ملی بینڈ نے گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے اثرات کو کم کرنے کے لئے بروقت اقدامات کرنے پر حکومت پاکستان کے عزم اور لگن کو سراہا۔ وزیراعظم سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے ملاقات کی اور وزیر اعظم کو متحدہ عرب امارات کی قیادت کی طرف سے کوپ 28 میں شرکت کا دعوت نامہ پہنچایا، جو 30 نومبر سے 12 دسمبر 2023 تک دبئی میں منعقد ہوگی۔ وزیراعظم نے دعوت پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔  وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یو اے ای کی کوپ 28 کی قیادت سے پاکستان جیسے ممالک، جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ خطرے کا شکار ہیں، کے لیے بامعنی نتائج برآمد ہوں گے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنا دونوں ممالک کی قیادت کا مشترکہ عزم ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ جمعرات کو دونوں رہنماؤں نے ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، توانائی تعاون، سلامتی اور علاقائی استحکام میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے حال ہی میں پولان گبد الیکٹرسٹی ٹرانسمیشن لائن کے فعال ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں سمیت عوام سے عوام کے رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ شہباز شریف نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کی تاریخی پیش رفت پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق دو ریاستی حل کی بنیاد پر اسرائیل فلسطین تنازعہ کے منصفانہ اور دیرپا حل کی ضرورت پر زور دیا۔

ای پیپر دی نیشن