پاکستان معاشی تباہی کے اثرات سے نکل رہا ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، ماضی کی حکومت نے صحافیوں پر بیشمار اور بے بنیاد مقدمات قائم کئے، ہم نے کسی صحافی کے خلاف انتقامی رویہ نہیں رکھا۔ وہ  گزشتہ روز جھنگ پریس کلب اور جھنگ یونین آف جرنلسٹس کے نو منتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ 4 سال میں صحافیوں کے ساتھ روا زیادتیوں کا ایک سال میں ازالہ کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ وزارت اطلاعات و نشریات صحافیوں، میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبودکے لئے اقدامات کر رہی ہے، صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بڑھانے کے لئے وزارت اطلاعات نے ٹریننگ پروگرام ترتیب دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چار سال کا سیاہ دور ختم ہوچکا ہے جہاں پروگرام، کالم اور چینل بند کئے جاتے تھے۔ نومنتخب قیادت وہاں کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ قبل ازیں وزیر اطلاعات نے جھنگ پریس کلب کے صدر لیاقت علی انجم، سیکرٹری خرم سعید سمیت 11رکنی باڈی سے حلف لیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان معاشی تباہی کے اثرات سے نکل رہا ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام عمران حکومت کی وعدہ خلافی کی وجہ سے معطل تھا۔ حکومت  سنبھالی تو پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا۔ سابق حکومت کی فیول سبسڈی پر قوم کو 100 ارب ماہانہ خسارہ برداشت کرنا پڑا۔ پی ٹی آئی حکومت تاریخ کا سب سے بڑا 49 ارب ڈالر تجارتی خسارہ چھوڑ کر گئی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن