آئی جی نے 184 سب انسپکٹرز کو انسپکٹرز کے عہدے پر ترقی دیدی

Apr 14, 2023

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے یومِ شہادت حضرت علیؓکے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے پر پولیس فورس کو شاباش دیتے ہوئے شکریہ اداکیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ فرض شناسی اور خدمت خلق کے اسی جذبے سے پاک نیوز ی لینڈ کرکٹ سیریز کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات کئے جائیں جبکہ رمضان کے آخری عشرے میں صوبے کی 64ہزار مساجد و امام بارگاہوں کی سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے جائیں،بالخصوص نماز تراویح، فجر اور جمعہ کے روز بطور خاص الرٹ ہوکر ڈیوٹی سرانجام دیں اور پٹرولنگ ٹیموں میں اضافہ کیا جائے۔عید بازاروں، اہم مارکیٹوں اور بینکوں کی سکیورٹی پر اضافی ٹیموں کو سکیورٹی اور پٹرولنگ کیلئے تعینات کیا جائے۔ پروموشن بورڈ کی منظوری کے بعدآئی جی پنجاب نے 184 سب انسپکٹرز کی انسپکٹرز کے عہدے پر ترقی کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے فورس کے نام پیغام میں ترقی پانے والے افسران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ جمعہ سے پروموشن بورڈ کا اجلاس دوبارہ ہوگا اور اگلے ہفتے میں 506 ٹریفک وارڈنز کو سینئر ٹریفک وارڈنز کے عہدے پر ترقی دی جائیگی۔15 اپریل سے ریجنل سطح پر محکمانہ ترقیوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔ 460 سے زیادہ سب انسپکٹرز، 500 سے زیادہ اے ایس آئیز اور 900 سے زیادہ ہیڈ کانسٹیبلزکے عہدوں پر ترقیاں دی جائیں گی۔ ایک ہزار سے زائد خالی ہونے والی کانسٹیبلز کی آسامیوں پر دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے بچوں کو بھرتی کیا جائیگا اور باقی بچ جانے والے سیٹوں پر میرٹ کے مطابق قابل نوجوانوں کو بھرتی کرکے پولیس فورس کا حصہ بنایا جائیگا۔ جن ملازمین کی ترقیاں اے سی آرز یا کسی دیگر دستاویزات کی عدم دستیابی کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی وہ فوری سنٹرل پولیس آفس رابطہ کریں۔ پنجاب کانسٹیبلری میں زبردستی فوری طور پر بھیجنے کی شرط بھی ختم کی جارہی ہے،لہذا افسران واہلکار تمام تر توجہ لوگوں کی خدمت، حفاظت اور انصاف کی فراہمی پر مرکوز رکھیں۔

مزیدخبریں