لاہور (خصوصی نامہ نگار)ملک کے معروف دینی ادارہ جامعہ اشرفیہ لاہور کے طلباء نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سالانہ امتحان میںشاندار نتائج کے ساتھ ملک بھر میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ جامعہ اشرفیہ لاہور کے طلباء نے دینی مدارس کے سب سے بڑے تعلیمی بورڈ ’’وفاق المدارس العربیہ پاکستان ‘‘کے تحت سالانہ امتحان میں شرکت کی جس میں تمام طلباء نے بہترین نتائج کے ساتھ 96فیصد کامیابی حاصل کی ہے جبکہ جامعہ اشرفیہ لاہورکے زیر انتظام’’ اشرفیہ گرلز کالج لاہور‘‘کی طالبات نے بھی وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت امتحان میں شرکت کرنے والیں تمام طالبات نے بہترین نتائج کے ساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے اشرفیہ گرلز کالج لاہور کی ایک طالبہ نے صوبائی سطح پر سالانہ امتحان میں تیسری پوزیشن بھی حاصل کی جس پر جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی اور نائب مہتمم و ناظم اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید نے کامیابی حاصل کرنے والے تمام طلباء و طالبات کومبارکباداور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اساتذہ کرام کا شکریہ اداکیا۔ جامعہ اشرفیہ لاہور سے تعلیم حاصل کرنے والے علماء وفاضلین آج حرمین وشریفین سمیت پوری دنیا اور بالخصوص پاکستان میں اسلام کی اشاعت اور دین کی خدمت میں مصروف ہیں۔ جامعہ اشرفیہ جہاں ایک طرف بہترین تعلیمی و دینی خدمات سرانجام دے رہا ہے وہاں ملک میں قیام امن ،اتحاد بین المسلمین کے فروغ ،وطن عزیز کی سا لمیت و ترقی اوراستحکام میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔