لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کی زیر صدارت آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کمیٹی کا اہم اجلاس گزشتہ روز الحمراء لاہور میں منعقد ہوا۔جس میں سیکرٹری اطلاعات وثقافت علی نواز ملک اور محکمہ کے ماتحت اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں مستحق آرٹسٹوں کی مالی امداد کے کیسز کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر عامر میر نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ میں شامل آرٹسٹوں کی جانچ پڑتال کیلئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی تاکہ آرٹسٹوں کی مالی امداد کے معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مستحق آرٹسٹوں کی بیٹیوں کی شادی کیلئے امدادی رقم 50ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کر دی ہے اور فوت ہونے والے آرٹسٹوں کی تجہیز و تکفین کیلئے مالی امداد 50ہزار روپے دی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر عامر میر نے مستحق آرٹسٹوں کی مالی امداد کی رقم جاری نہ کرنے پر متعلقہ سٹاف کی سرزنش کی اور آرٹسٹوں کی رکی ہوئی مالی امداد فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے پی ایس پی اے کے نمائندے کو ہدایت کی کہ تمام آرٹسٹوں تک مالی امداد پہنچانے کیلئے مربوط نظام وضع کیا جائے۔تاکہ کوئی بھی مستحق آرٹسٹ مالی امداد سے محروم نہ رہے۔ عامر میر نے کہا کہ فنکاروں کی ملک کیلئے خدمات کے معترف ہیں اور ہمارا مشن ہی فنکار کی خدمت ہے۔