بھکر: بھکر کی مقامی عدالت نے رہنما تحریک انصاف علی امین گنڈاپور کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔علی امین گنڈا پور بھکر میں درج تین مقدمات کیلئے عدالت میں پیش ہوئے، غیر قانونی اسلحہ کے کیس میں عدالت نے علی امین گنڈا پور کو ڈسچارج کر دیا جبکہ تھانہ سرائے مہاجر میں درج مقدمہ میں مجسٹریٹ کی عدالت نے علی امین گنڈا پور کو 3 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
دوسری جانب علی امین گنڈا پورکو تیسرے مقدمہ میں انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا میں کل پیش کیا جائے گا۔علی امین گنڈا پور کے وکیل رفیق احمد نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو ناجائز اسلحہ کیس میں زبردستی نامزد کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ عدالت نے علی امین کو اسلحہ کیس سے ڈسچارج کر دیا ہے۔
اس سے قبل آج علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد سے تھانہ صدر بھکر منتقل کیا گیا تھا۔علی امین گنڈا پور کے خلاف بھکر کے تھانوں میں دہشت گردی اور اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت 3 مقدمات درج ہیں۔اس سے قبل پولیس نے بھکر منتقلی کیلئے رہنما پی ٹی آئی علی امین گنڈا پور کا راہداری ریمانڈ حاصل کیا تھا۔ڈی پی او محمد نوید کے مطابق علی امین گنڈا پور بھکر میں درج 3 مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں۔