نوشکی دہشتگردی،حکومت مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچائے:لیاقت بلوچ 

Apr 14, 2024

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے نوشکی بلوچستان میں دہشت گردی واقعہ میں مزدوروں کے قتل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے حکومت سے فوری تحقیقات اور مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے لواحقین سے اظہار افسوس کیا ہے اور جاں بحق ہونیوالے افراد کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔ انہوں نے ملک کے مختلف علاقوں اور خصوصی طور پر بلوچستان اور خیبر پی کے میں دہشت گردی واقعات میں اضافہ پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکمرانوں کو کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو سکیورٹی فراہم کرنے اور ملک میں امن عامہ کے قیام میں واضح طور پر ناکام نظر آرہی ہے۔ امن کے بغیر ترقی نہیں ہوسکتی اور ملک آگے نہیں بڑھے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت جاں بحق افراد کے خاندانوں کی مالی مدد کرے۔مزیدبرآں لیاقت بلوچ نے بلوچستان، پنجاب اورخیبرپی کے میں بارشوں اور ژالہ باری میں ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ ایمرجنسی اقدامات کے تحت لوگوں کو ریلیف پہنچایا جائے اور متاثرین کی مدد کی جائے۔ انہوں نے بلوچستان میں باغات اور پنجاب میں گندم کی فصل کے نقصان پر کسانوں، کاشتکاروں کی حکومت کی جانب سے مدد کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

مزیدخبریں