لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر اچانک گورنمنٹ سمن آباد ہسپتال لاہور پہنچ گئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ہیلتھ فیسلیٹیز مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر عاصم الطاف ہمراہ تھے۔ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر عفرین، دیگر عملہ نے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کو ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صحت نے مددگار کاؤنٹر پر عملہ کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات مزید بہتر کرنے کیلئے دورے کئے جارہے ہیں۔ خواجہ عمران نذیر سمن آباد ہسپتال کی ایمرجنسی، میڈیکل اور گائنی وارڈز اور فارمیسی بھی گئے اور مریضوں سے طبی سہولیات کا پوچھا۔انہوں نے ہسپتال میں قائم سٹیٹ آف دی آرٹ پیراپلیجک سنٹر کا بھی معائنہ کیا۔خواجہ عمران نذیر نے مریضوں کو ادویات اور ٹیسٹوں کی مفت سہولیات کی عدم دستیابی پر فوری نوٹس لیتے ہوئے سی ای او پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر عاصم کو انکوائری کرنے کی ہدایت کردی۔وزیر صحت نے ایم ایس کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس ڈاکٹر زبیر کو ایک ماہ میں ہسپتال کے معاملات بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ایک ماہ بعد دوبارہ ہسپتال کا دورہ کروں گا، اگر ایک ماہ بعد بھی ہسپتال کے معاملات بہتر نہ ہوئے تو ایم ایس کو فارغ کردیا جائے گا۔خواجہ عمران نذیر نے واضح کیا کہ صحت عامہ کی سہولیات ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے عید کی چھٹیوں کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں فرض شناس طریقے سے ڈیوٹی کی انجام دینے پر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کیا۔
خواجہ عمران نذیر کا سمن آباد ہسپتال کا دورہ،مددگار کاؤنٹر پر عملہ نہ ہونے پر اظہار برہمی
Apr 14, 2024