غزہ‘ روم‘ نیویارک (آئی این پی + اے پی پی + نوائے وقت رپورٹ) غزہ شہر میں ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 25 افراد سمیت مزید 52 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ سدرہ نامی علاقے میں اسرائیلی فوج نے التبا تیبی خاندان کے گھر کو نشانہ بنایا۔ کئی منزلہ گھر میں درجنوں افراد موجود تھے۔ امدادی کارکنوں کے مطابق گھر کے ملبے تلے اب بھی متعدد افراد زندہ موجود ہیں مگر انہیں نکالنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ غزہ میں رات بھر مختلف مقامات پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 2فلسطینی شہید ہوئے۔ نصیرات کیمپ پر بمباری میں 5 شہید ہوئے۔ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کے حملے میں ایک فلسطینی شہید ہو گیا۔ پوپ فرانسس نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ سے بہت زیادہ رنجیدہ ہیں۔ وائس آف امریکا کے مطابق پوپ فرانسس نے العربیہ نیٹ ورک کو بھیجے گئے پیغام میں کہا کہ میں فلسطین اور اسرائیل میں تنازعہ کی وجہ سے بہت زیادہ پریشان ہوں، خدا کرے غزہ کی پٹی میں فوری طور پر جنگ بندی ہو، جہاں ایک انسانی سانحہ جاری ہے۔ نیویارک میں ہزاروں افراد نے فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔ اردن کے لوگ بھی فلسطینیوں کے حق میں سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین نے جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔