1990ء تک پاکستان معاشی ترقی میں بھارت سے آگے تھا: انفوگرافس

کراچی(نوائے وقت رپورٹ) آپٹیمس کیپیٹل مینجمنٹ کے مطابق 1965-1990ء تک پاکستان کی معاشی نمو بھارت کے مقابلے میں کافی بہتر تھی۔ آپٹیمس کیپیٹل مینجمنٹ (او سی ایم) نے عید کی چھٹیوں کے دوران دو انفو گرافس جاری کیے ہیں، جس سے پتہ چلتا ہے کہ 1965ء-1990ء تک پاکستان کی معاشی نمو بھارت کے مقابلے میں کافی بہتر تھی، جس کی شرح نمو 1991ء-92ء میں 6 فیصد تک پہنچ چکی تھی، لیکن اس کے بعد یہ مسلسل زوال کا شکار ہے، جس سے آمدنی میں فرق، غربت اور بیروزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ دوسری طرف بھارت کی معاشی نمو نے 1990ء میں پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا تھا اور اس کے بعد سے بھارت کی معاشی نمو کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ سینیئر معیشت دان ڈاکٹر اشفاق حسن نے گراف پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ گراف بتا رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت آہستہ آہستہ زوال پذیر ہے اور ہماری آنکھوں کے سامنے ڈوب رہی ہے اور ہم خاموش تماشائیوں کی طرح کھڑے ہوئے تماشا دیکھ رہے ہیں۔ حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو گزشتہ 15 سالوں کے دوران اوسطا 3.4 فیصد سالانہ رہ گئی ہے، جو مزید کم ہو رہی ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ صرف چند لوگ ہی اچھی زندگی گزار رہے ہیں جبکہ اکثریت کی زندگی غربت اور بدحالی کا شکار ہے۔ آمدنی کا فرق بڑھ رہا ہے، اس سب کے باجود آنے والی حکومتوں کی توجہ معیشت کو بہتر بنانے پر نہیں ہے۔ او سی ایم کے سی ای او آصف قریشی نے کہا کہ گراف عوامی طور پر موجود ڈیٹا کی مدد سے بنائے گئے ہیں جو دو پڑوسی ممالک کے درمیان معاشی موازنے کو ظاہر کرتے ہیں جو 1947ء میں ایک ساتھ آزاد ہوئے تھے۔ لیکن مقامی پالیسیوں عالمی جیو پالیٹیکس کی وجہ سے مخالف سمتوں میں سفر کر رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن