اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) پاکستان نے ایک ارب ڈالر مالیت کے انٹرنیشنل یورو بانڈز کی ادائیگی کردی۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پاکستان کی جانب سے ایک ارب ڈالر مالیت کے انٹرنیشنل یورو بانڈز کی ادائیگی میں اصل رقم کے ساتھ منافع بھی ادا کیا گیا ہے۔ادائیگی سے متعلق مرکزی بینک کے مطابق انٹرنیشنل یورو بانڈز کی ادائیگی ایجنٹ بینک کے ذریعے کی گئی ہے، جو بانڈز ہولڈرز کو ادائیگی کرے گا۔ پاکستان نے 2014ء میں ایک ارب ڈالر کے یورو بانڈز کا اجراء کیا تھا اور یہ ایک ارب ڈالر کے یورو بانڈز اپریل 2024ء میں میچور ہو گئے تھے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت نے میچورنگ بانڈز کی بروقت ادائیگی کی ہے۔ جس سے پاکستان کی معیشت پر سرمایہ کاروں اور عالمی اداروں کا اعتماد بلند ہوگا۔