پشین (نوائے وقت رپورٹ) 6 جماعتی اپوزیشن اتحاد کی جانب سے تشکیل دی گئی تحریکِ تحفظِ آئین کے تحت پشین میں جلسہ ہوا، جس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب صاحبزادہ حامد رضا، ڈاکٹر عطاء الرحمن، علامہ ناصر عباس، محود خان اچکزئی ، اختر مینگل اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے سربراہ اور ممبر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی پارٹی کے دیگر لوگوں کے خلاف مقدمات واپس لیے جائیں۔ پشین میں اپوزیشن اتحاد کے ' تحریک تحفظ آئین' جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ یہ اتحاد حکومت گرانے کیلئے نہیں بلکہ آئین کی بالا دستی کیلئے ہے، آئین کی بالادستی پر یقین رکھنے والے تمام پاکستانیوں کو تحریک میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہیں۔محمود خان اچکزئی نے کہا یہاں کوئی کسی کا غلام اور آقا نہیں ہے بلکہ ہم سب برابر ہیں، ہم نے عوام کی طاقت سے انقلاب لانا ہے، نواز شریف، مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی سے منت کی تھی کہ ایور گرین لوگوں کو سیاست سے ہٹا دیں،جو ہر دور حکومت میں اقتدار میں ہوتے ہیں، ہم ان فصلی بٹیروں کو سیاست میں قبول نہیں کریں گے۔پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں آئین کی بالادستی ختم ہو چکی ہے۔ اب عوام کا سمندر آئے گا۔ہم اس حکومت کو نہیں مانتے۔جماعت اسلامی رہنما ڈاکٹر عطا الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئین کی بالادستی ضروری ہے۔ اپوزیشن اتحاد محمود خان اچکزئی کی قیادت میں آگے بڑھے گا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے اپوزیشن اتحاد کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے لیکن یہاں عوام پر تشدد کیا جاتا ہے۔ عوام کی طاقت کے سامنے کوئی کھڑا نہیں ہو سکتا۔ پی ٹی آئی آج بھی عوام کے حقوق کی بات کر رہی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اس مادر وطن کے بیٹے ہیں۔ دشمنان وطن نے ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ پاکستان انتہائی خطرناک دور سے گزر رہا ہے۔ اب گھروں میں بیٹھنے کا وقت نہیں ملک بچانے کیلئے باہر نکلنے کا وقت ہے۔سردار اختر مینگل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہ فارم 47 کی حکومت اور نہ ہی دفعہ 144 کو مانتے ہیں۔ ہماری تحریک صرف آئین کی بالادستی نہیں بلکہ قوم کو حقوق دلانے تک جاری رہیگی۔ بلوچستان میں فارم 47 کی حکومت ہے، غیر قانونی الیکشن کمیشن کی حکومت ہے۔ ملک میں عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ الیکشن میں ایسے لوگوں کو کامیاب کرایا گیا جنہیں اہل محلہ نہیں پہنچانتے۔ ملک کے ہر کونے سے لوگوں کو لاپتا کیا جارہا ہے۔ جلسے سے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان 8 ماہ سے بے گناہ جیل میں ہیں، عمران خان اور ان کی اہلیہ کی کردار کشی کی گئی اور پی ٹی آئی کے لوگوں کو مارا پیٹا گیا۔شیر افضل مروت نے کہا کہ ہمارا نظام عدل بوسیدہ ہو چکا ہے اور عنقریب ہم پنجاب میں بھی احتجاج شروع کریں گے، یہ تاریخی لمحات ہیں اور تاریخ نا دلیروں کو بھولتی ہے نہ ہی بزدلوں کو بھولتی ہے۔
پشین میں اپوزیشن کا پہلا جلسہ، 6 جماعتی اتحاد حکومت گرانے کیلئے نہیں: اچکزئی
Apr 14, 2024