سرینگر،جموں (کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کارروائیاں جاری ہیں، مقبوضہ جموںوکشمیر میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بی جے پی ، آرایس ایس کے شیطانی ایجنڈے کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوںمیں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں۔’جموں ڈوگرہ لبریشن فرنٹ‘‘ کی طرف سے جموں خطے کے مختلف مقامات پر چسپاں کیے گئے پوسٹروں میں لکھا ہے’’ بی جے پی ، آر ایس ایس نے ہمارے حقوق چھین لیے ہیں، ہم بی جے پی ،آر ایس ایس کے مذموم ایجنڈ ے کی شدید مذمت کرتے ہیں ، ہمارے حقوق، ارضی اور شناخت کو غیر قانونی طور پر غصب کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ضلع گاندر بل میں ایک امریکی سیاح خاتون کی پر اسرار طور پر ہلاکت ہوئی۔ 61سالہ امریکی سیاح لانا میری ضلع کے سیاسی مقام سونمرگ کے ایک ہوٹل میں مقیم تھی جہاں اسے شدید علالت اور نیم بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا ۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں سے اسے مردہ قراردیدیا۔ جبکہ نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیرقیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی بھارتی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کیوجہ سے کشمیریوں شدید مشکلات سے دوچار ہیں ۔ نیشنل کانفرنس کے رہنماوں جے سدھوترا، رتن لال گپتا اور دیگر نے جموں میں ایک پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کی ناروا پالیسیوں کی وجہ سے لوگوںکا جینا مشکل ہو چکا ہے اور انہیں بے شمار مسائل کا سامنا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ کشمیرمیں بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ فوری مداخلت کرکے بھارت کے خلاف اقدامات اٹھائیں، کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت کی تسلط پسندانہ ذہنیت اسے جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرنے سے روک رہی ہے۔
مقبوضہ کشمیر: محاصرے، تلاشی کارروائیاں جاری، قابض انتظامیہ کیخلاف پوسٹرز چسپاں
Apr 14, 2024