گندم خریداری مہم ،باردانہ کے حصول کیلئے آن لائن درخواستیں جمع کرانے کا سلسلہ شروع 

Apr 14, 2024

لاہور( این این آئی)محکمہ خوراک نے گندم خریداری مہم کے تحت باردانہ کے حصول کیلئے آن لائن درخواستیں باردانہ ایپ کے ذریعے وصول کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ، پی آئی ٹی بی کی باردانہ ایپ پر 13 سے 17 اپریل تک باردانہ کی درخواستیں وصول کی جائیں گی ،پی آئی ٹی بی اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی تصدیق کے بعد کاشتکاروں کو تصدیقی میسج کیا جائے گا۔ترجما ن کے مطابق کاشتکاروں کو باردانہ کے اجرا ء  اور گندم وصولی کی تاریخ کا میسج بذریعہ باردانہ ایپ کیا جائے گا،باردانہ کا اجرا ء 19 اپریل 2024 سے ہوگا، باردانہ پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر دیا جائے گا،صوبے میں 22 اپریل سے گندم کی خریداری شروع ہوگی۔ محکمہ خوراک نے صوبہ بھر میں 393 گندم خریداری مراکز قائم کیے ہیں، کاشتکار وںسے گندم 3900 روپے فی 40 کلو کی مقررہ قیمت پر خریدی جائے گی۔ گندم کی قیمت کے علاوہ ہر کاشتکار کو 30 روپے فی 100 کلوگرام ڈلیوری چارجز ادا کیے جائیں گے،چھوٹے کسان کے تحفظ کیلئے باردانہ حصول کی اہلیت 6 ایکڑ تک رکھی گئی ہے،  پالیسی کے مطابق فلور ملوں، پرائیویٹ سیکٹر اور سیڈ کمپنیوں کو بھی مقررہ نرخ پر خریداری کی اجازت دی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق گندم خریداری مہم کے دوران شکایات کے ازالے کیلئے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا، گندم خریداری مہم کے حوالے سے کسی بھی شکایت پر ٹال فری نمبر 080013505 پر اطلاع دی جا سکتی ہے۔

مزیدخبریں