ننکانہ صاحب (نامہ نگار) بیساکھی میلے میں شرکت کے لئے مختلف ممالک سے سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ انگلینڈ سے سکھ یاتریوں کا وفد جتھہ لیڈر کنول جیت کور کی قیادت میں گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچ گیا۔ گوردوارہ جنم استھان پہنچنے پر مقامی سکھ رہنمائوں اور گوردوارہ انتظامیہ کی طرف سے وفد کا شاندار استقبال کیا گیا۔ سکھ یاتریوں نے اپنے روحانی پیشوا بابا گورونانک کی جائے پیدائش پر متھاٹیکی اور ارداس سمیت دیگر مذہبی رسومات ادا کیں۔ انہوں نے بہترین انتظامات کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا، سکھ یاتریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان آکر دلی خوشی ملی ہے۔ پاکستانی حکومت اور لوگوں کی محبت ناقابل بیان ہے۔ پاکستان میں امن و امان اور اقلیتوں کے ساتھ سلوک کے بارے میں بے بنیاد باتیں کرنے والوں کو باز آجانا چاہئے۔ علاوہ ازیں حکومت پاکستان نے بیساکھی تہوارمیں شرکت کیلئے تین ہزار بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 18 اپریل کو گوردوارہ کرتار پور جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر مذہبی امور پنجاب و چئیرمین پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ بھارت سکھ یاتریوں کو اپنے ملک سے بذریعہ ٹرین پاکستان آنے کی اجازت دے۔ بھارت میں پاکستانی زائرین کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جاتا ہے۔ بھارت سے 24 سو سے زائد سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے۔ ریلوے حکام نے واہگہ سٹیشن پر خوش آمدید کہا، جس کے بعد یاتری حسن ابدال پہنچ گئے۔