اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے )عید الفطر کے پرمسرت موقع پر امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے عید کی مناسبت سے روائتی مذہبی جوش جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان کی مصروفیات کا خصوصی پروگرام ترتیب دیا گیا۔ سفیر پاکستان نے عید الفطر کی نماز واشنگٹن ڈی سی کے تاریخی اسلامک سنٹر میں سینکڑوں نمازیوں کے ساتھ ادا کی جن میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد بھی شریک تھی۔سفیر پاکستان کی جانب سے پاکستان ہاؤس میں اوپن ہاؤس کا اہتمام کیا گیا جس میں ملکی و غیر ملکی سفارت کاروں اور ان کے اہل خانہ کو مدعو کیا گیا۔ اس موقع پر امریکی محکمہ خارجہ کے حکام بھی موجود تھے۔ غیر ملکی سفارت کاروں میں ہالینڈ اور کوسٹا ریکا کے سفراء شامل تھے۔بعد ازاں سفیر پاکستان نے کشمیری امریکن ویلفئیر ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ اجتماع میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ پانچ سو سے زائد کشمیری حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستانی عوام کا دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد رکھیں اور یقین کامل کے ساتھ اپنے حق خود ارادیت کے لئے اپنی جدوجہد بھرپور انداز میں جاری رکھیں۔