پی پی 139 شیخوپورہ ضمنی الیکشن، 8 امیدوار آمنے سامنے، زبردست مقابلہ متوقع  

Apr 14, 2024

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) شیخوپورہ کے حلقہ پی پی 139 میںضمنی انتخاب21 اپریل کو ہوگا۔ 8 امیدواران حصہ لے رہے ہیں جن میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کے بھائی مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار رانا افضال حسین، تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحادکے نامزد امیدوار چودھری اعجاز حسین بھٹی، تحریک لبیک کے رفاقت علی سمیت 5 آزاد امیدوار شامل ہیں۔ نشست وفاقی وزیر صنعت و پیدوار رانا تنویر حسین نے چھوڑی۔ حلقہ پی پی 139 میںکل 1لاکھ 86 ہزار 247 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کیلئے 122 پولنگ سٹیشنر قائم ہونگے، جن میں مردوں کے 32، خواتین کے 30 جبکہ 60 پولنگ سٹیشن مشترکہ ہوں گے ۔ جبکہ کل 359 پولنگ بوتھ ہوں گے جن میں مردوں کے 196 جبکہ خواتین کے 163 پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے۔8 فروری ہونے والے عام انتخابات میں مذکورہ نشست سے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین صرف 16 سو ووٹوں سے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار اعجاز حسین بھٹی سے جیتے تھے، اس حلقہ میں راجپوت، آرائیں، ورک جٹ، انصاری برادری سمیت دیگر برادریوں کا اثر و رسوخ ہے جبکہ اس حلقہ کے عوام اہم مسائل سے دوچار ہیں جن میں صحت کی سہولیات کا فقدان، جرائم کی روک تھام، سرکاری سطح پر تعلیمی معیار کا نہ ہونا، سیوریج کا ناقص انتظامات جیسے مسائل شامل ہیں۔

مزیدخبریں