شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت‘نمائندہ خصوصی‘نامہ نگارخصوصی) عید الفطر کے موقع پر کمپنی باغ میں غیر قانونی لگائے جانے والا جھولاٹوٹ گیا،حادثہ میںایک ہی خاندان کے 6افراد زخمی ہوگئے ۔عید الفطر کی خوشی میں کمپنی باغ میں بغیر این او سی جھولے لگائے گئے ان جھولوں میں آسمانی جھولا ، دو عدد کشتی جھولے، الیکٹرونکس جھولوں کے علاوہ خطرناک ترین جھولے لگائے گئے، بعض مقامی سیاستدانوں کے کارندوں نے یہ جھولے انتظامیہ کی اجازت کے بغیر نصب کر لئے تھے جنھیں بعد ازاں ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی کے حکم پر چلنے نہ دیا گیا تھا مگر بعدازاں کسی پاور فل شخصیت کی مداخلت پر یہ جھولے چلا دئیے گئے تھے اس طرح کمپنی باغ میں آنے والے شہریوں سے من مرضی کے ریٹ لیکر کمائیاں کی گئیں ،ہفتہ کے روز بھی فیملیز کا پارکوں میں رش بہت زیادہ تھا اورجھولے لینے والی بوگی میں موجود 6افراد 35سالہ فائزہ شہباز،5سالہ محمد موسی،6سالہ محمد حازق،12سالہ عنائبہ،15سالہ آمنہ اور5سالہ عبداللہ بیٹھے ہوئے تھے کہ جھولا چلتے ہوئے اچانک ہی ایک بوگی ٹوٹ کرگرگئی ریسکیواہلکاروں نے تمام زخمیوں کو طبی امداد دیتے ہوئے ڈی ایچ کیوہسپتال شیخوپورہ کی ایمرجنسی میں منتقل کردیا ۔تھانہ بی ڈویژن پولیس جھولے لگانے والے شخص کی گرفتاری کے لیے چھاپے ماررہی ہے ۔
شیخوپورہ میں عید کیلئے لگایا جھولاٹوٹ گیا‘ایک خاندان کے 6افراد زخمی
Apr 14, 2024