اسلام آباد(وقائع نگار)پیر آف مانکی شریف اور محافظان نظریہ پاکستان کے چیئرمین پیر زادہ محمد امین قادری نے تحریک حماس کے پولیٹکل بیورو کے سربراہ اسماعیل ہانیہ سے ان کے تین بیٹوں اور پوتے پوتیوں سمیت خاندان کے ساٹھ سے زائد افراد کی شہادت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارض مقدس جلد صہیونیوں کا قبرستان بنے گا،صہیونی افواج کے مظالم پر عالمی ادارے کیوں خاموش ہیں، اسرائیلی وزیر اعظم پر فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کا مقدمہ درج ہونا چاہیے۔حماس مجاہدین مسلم امہ کا فرض کفایہ ادا کر رہے ہیں،حماس مجاہدین کے ساتھ اللہ کی مدد اور نصرت شامل ہے،فلسطینیوں کی نسل کشی کی جارہی ہے،37ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 50ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ 57اسلامی ممالک کے سربران مملکت خاموش تماشائی کردار ادا کر رہے ہیں،انہوں نے کہا عالم اسلام متحد ہوکر مظلوم فلسطینیوں کی مدد کیلئے نکلیں۔اسلام اور کفر کی جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ پوری دنیا میں مسلمانوں کا لہو پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے۔مسلم قوم کے دلوں میں اہل طاقت کیلئے دن بدن بڑھتی نفرت ان کے متعصبانہ اور غیر منصفانہ رویوں کیوجہ سے زورپکڑ رہی ہے، فلسطین سے کشمیر تک انڈیا سے چین تک مسلمان مظالم کا شکار ہیں، مگر دنیا کے خود ساختہ امام مدہوش ہیں۔پیر زادہ محمد امین قادری کا کہنا تھا مسلم حکمران بے حسی کا کفن اوڑھے بے غیرتی کی قبر میں دفن ہو چکے ہیں، امت مسلمہ کے تمام مسائل کا واحدحل اتحاد امت اور ملی وحدت میں مضمر ہے۔اسلامی ممالک کو اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔اقوام متحدہ مسلمانوں کے مسائل حل کرانے میں ناکام ہو چکی ہے۔