پشاور ( بیورو رپورٹ )کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے ڈپٹی کمشنر محمد فیاض خان شیرپاؤ کے ہمراہ عید کی صبح سنٹرل جیل مردان کا دورہ کیا۔ سپرنٹینڈنٹ جیل محمد عارف خان نے ان کا خیر مقدم کیا۔ کمشنر مردان ڈویژن نے قیدیوں اور حوالاتیوں سے ملاقات کی اور ان کو عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے قیدی مرد، خواتین اور ان کے ساتھ جیل میں قیام پذیر بچوں میں عید کے تحائف بھی پیش کیے۔ کمشنر مردان اور ڈی سی مردان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی۔ انہوں نے مریضوں میں عید کے تحائف بھی تقسیم کیے۔ بعد ازاں انہوں نے یتیم خانے اور دارالامان کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے مکینوں میں تحائف اور عیدی تقسیم کی۔