پشاور ( بیورو رپورٹ ) وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی مخالف مہم جاری ہے ،پی ٹی آئی کو ایک مہم کے تحت سیاسی عمل سے باہر کیا جارہا ہے۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے غیر آئینی اور غیرقانونی فیصلوں کی وجہ سے سینیٹ الیکشن متنازعہ ہوا، ان کے غلط فیصلوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں کا معاملہ پیدا ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کے معاملے میں الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ کے سیکشن 104 کی خلاف ورزی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کے معاملے پر ہمیں الیکشن کمیشن کے فیصلوں پر تحفظات ہیں الیکشن کمیشن کے پاس آئین کی غلط تشریح کا اختیار نہیں۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن کا رویہ متعصبانہ ہے، ہمیں الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں۔