سعودی عرب کا پاکستان میں 7ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کافیصلہ

Apr 14, 2024 | 12:46

وزیر اعظم اور ارمی چیف کی کوششیں رنگ لے آئیں ،سعودی عرب نےپاکستان میں مجموعی طور پر 7ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ  کرلیا۔حکومتی ذرائع کے مطابق  سعودی عرب کا  اعلی سطح کا سو رکنی وفد وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن  فرحان کی سربراہی میں 16 اپریل کو پاکستان پہنچے گا۔ وفد میں سعودی عرب کے سرمایہ کاری ،پانی و زراعت ،ماحولیات،صنعت،معدنی وسائل،توانائی کے وزراء شامل ہوں گے۔وفد میں  سعودی پاک سپریم کوارڈینیشن کونسل کے سیکرٹری جنرل سمیت سعودی سرمایہ کار بھی  شامل ہوں گے۔سعودی عرب پاکستان میں مختلف شعبوں میں سات ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا ۔دورے کے دوران  مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ یہ دورہ   پاکستان کی معاشی صورتحال کو بہتر کرنے میں مددگار ثابت ہوگا ۔مزید غیر ملکی  سرمایہ کاروں کوبھی پاکستان میں سرمایہ کاری پر راغب کیا جائے گا۔سعودی وفد صدر آصف زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف اور ارمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقاتیں بھی کرے گا ۔واضح رہے کہ  سعودی عرب نے ریکوڈک منصوبے میں1ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا گرین سگنل دیدیا۔ ایس آئی ایف سی اس حوالے سے تمام رکاوٹوں کو دور کرے گی اور وزیر اعظم اس معاملے پر اعلی سطح کی کمیٹی بھی بنائیں گے ۔ سعودی عرب کی جانب سے آئندہ ماہ منصوبے میں سرمایہ کاری متوقع ہے جس کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے کوشاں ہے۔سعودی سرمایہ کاری کی ہموار تکمیل کے لیے وزیر اعظم وزارت خزانہ کی کمیٹی بنائیں گے جس میں پاکستان کی جانب سے تمام اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے لیے کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کی کامیاب کوششوں کا ثبوت ہے۔سعودی سرمایہ کاری ملک میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گی اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے مینڈیٹ کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔اس سرمایہ کاری کے بعد پاکستان اور سعودی عرب معدینات کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کرنے کے معاہدوں پر دستخط کریں گے۔

 
 

مزیدخبریں