بلاول بھٹو کا شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی پرپیغام

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی پرپیغام میں کہنا تھاکہ بھٹو کے نظریے سے وابستگی کا اعادہ کرنے کے لیے بروئے کار لائیں گے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کاکہنا تھاکہ آج کا عظیم الشان جلسہ عام ایک بار پھر غریب و محنت کش عوام میں بھٹو ازم کی وسیع مقبولیت کا عکاس ہوگا۔آج کا اجتماع محض ایک جلسہ نہیں ہے، بلکہ اجتماعی طور قائد عوام کے اصولوں کی پیروی کا اعادہ کرنا ہے۔قائدِ عوام کا دیا ہوا پلیٹ فارم وہ ہے جہاں پسماندہ طبقات کی آوازیں سنی جاتی ہیں اور ہر شہری کے حقوق کے تحفظ ملتا ہے۔شہید بھٹو کی لیگیسی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے عوام جمع ہو رہے ہیں۔بلاول بھٹو کاکہنا تھاکہ شہید بھٹو کیس کے متعلق سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ سچائی اور انصاف کی نشاندہی کرتا ہے۔عدالتی فیصلے میں قائدِ عوام سے ہونے والی سنگین ناانصافی اور منصفانہ ٹرائل کے بنیادی حق سے محروم رکھنے کا اعتراف کیا گیا۔یہ ایک قانونی فیصلے کے ساتھ ساتھ جمہوریت اور انصاف کے لیے قائد عوام کی غیر متزلزل جدوجہد اور لگن کی اخلاقی توثیق ہے۔آج تاریخی اجتماع میں شرکت کے لئے ملک بھر سے گڑھی خدا بخش آنے والے تمام جیالوں کو سلام،آپ کی موجودگی بھٹو ازم کی مضبوط لیگیسی اور عوام کے غیر متزلزل جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی کامزیدکہنا تھاکہ آج ہم شہید بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان نظریات کی پاسداری کا بھی عہد کریں جن کی خاطر انہوں نے اپنی زندگی تک قربان کردی۔آئیے ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کی جدوجہد کریں جہاں انصاف کی بالادستی ہو۔ایک ایسا پاکستان جہاں جمہوریت پروان چڑھے اور ہر شہری اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے بااختیار ہو۔آئیے سب مل کر قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے حوصلے و جذبے کو مشعلِ راہ بنا کر ایک نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں۔

ای پیپر دی نیشن