اپوزیشن اتحاد کی جانب سے اگلا جلسہ رواں ماہ لاہور میں کرنے کی تجویز

 تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تحت اپوزیشن اتحاد کی جانب سے اگلا جلسہ رواں ماہ لاہور میں کرنے کی تجویز سامنے آگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کا سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں عمر ایوب نے اپوزیشن گرینڈ الائنس میٹنگ بارے تفصیلات سے آگاہ کیا، اس دوران پشین جلسے کی کامیابی کے بعد اگلا جلسہ پنجاب میں کرنے کے لیے گفتگو کی گئی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی کمیٹی کے سربراہ اسد قیصر برطانیہ مانچسٹر میں اہل خانہ سے ملنے گئے ہوئے ہیں، عمر ایوب سے ٹیلی فونک رابطے میں گرینڈ الائنس کی جانب سے اگلا جلسہ رواں ماہ کے آخر میں لاہور میں کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا، اسد قیصر کی جانب سے لاہور جلسہ منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اسی حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شیر افضل خان مروت نے کہا ہے کہ پنجاب میں احتجاج شروع کرنے جا رہے ہیں، ہم لاہور میں تاریخی جلسہ کریں گے اور یہ مینڈیٹ اُن کے حلق سے چھین لے گئے اگر خان کی آزادی چاہتے ہوتو ہمارے ساتھ نکلو، تاریخ دلیر اور بزدل دونوں کو نہیں بھولتی، اسٹیبلشمنٹ، بیوروکریسی، عدلیہ، ریٹرننگ افسران نے جمہوریت کا گلہ گھونٹ دیا۔

پشین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے اسمگلنگ ہورہی ہے، کوئلہ، گاڑیاں، ڈرائی فروٹ کا بھتہ بی ایل اے یا سرکاری اداروں کو جاتا ہے کیوں کہ ايران اور افغانستان سے بلوچستان میں جو سمگلنگ ہوتی ہے اس میں ہمارے ادارے خود ساتھ ملے ہوتے ہیں، آج کوئٹہ سے پشین آتے ہوئے ہر موڑ پہ پولیس کی چار چار گاڑیاں اور ہر جگہ انہوں نے ہمیں روکنا چاہا، آپ کے چمن کے علاقے سے آیا ہوا ایرانی پٹرول میرے لکی مروت سے ہوتا ہوا اسلام اباد پہنچ جاتا ہے لیکن پولیس کا ناکہ کبھی بھی نہیں لگا ہوتا، ہماری ایجنسیوں اور پولیس نے جتنا زور آج جلسہ ناکام بنانے میں لگایا اگر اتنا زور یہ اسمگلنگ ناکام بنانے میں لگاتے تو بلوچستان ترقی یافتہ ہوتا۔ اپوزیشن اتحاد ’تحریک تحفظ آئین‘ کے زیر اہتمام پہلے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی ہے لیکن حکومت بلوچستان نے پشین کے راستے میں جگہ جگہ ناکے لگائے ہوئے ہیں جہاں سے کارکنوں اور پارٹی کے جھنڈوں کو نہیں چھوڑا جارہا لیکن ہم ملک میں جہاد کے لیے نکلے ہیں یہ جہاد ملک کی آئین اور بالادستی کے لیے ہے اور اس تحریک کے ذریعے اپنا حق لے کر رہیں گے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی ویڈیو سے سب عیاں ہو جائے گا، ملک کے عوام ہمیشہ تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے پیش پیش رہے، اپوزیشن اتحاد پورے ملک میں جلسے کرے گا، ہر طبقے کے پاس جائیں گے، آئین کی پاسداری ہوئی تو عمران خان اور دیگر قائدین جیلوں سے باہر آسکیں گے۔

ای پیپر دی نیشن