وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں بیساکھی منانے کیلئے آنے والے سکھ بہن بھائیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں،پہلے پاکستانی پھر ٹھیٹھ پنجابی ہوں، صوبے میں سکھ یاتریوں کو مذہبی اور ثقافتی سیا حت کیلئے بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔اتوار کے روزبیساکھی کے موقع پر اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب میں بیساکھی منانے کیلئے آنے والے سکھ بہن بھائیوں کو خوش آمدید اور مبارک باد پیش کرتی ہوں،بیساکھی پنجاب کی منفرد ثقافت کی پہچان ہے ،ڈھول کی تھاپ پر درانتی سے گندم کی فصل کاٹ کر بیساکھی کاآغاز ہوتا ہے تو خوشیاں ہر طرف پھیل جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیساکھی خوشیوں سے مہکتا تہوار اور میرے پنجاب کا ہر فرد بیساکھی کی خوشی میں برابر کا شریک ہے ۔ مریم نواز نے کہا کہ میں پہلے پاکستانی پھر ٹھیٹھ پنجابی ہوں، پنجاب دل میں بستا ہے،پنجابی تہوار بیساکھی کو سرکاری طور پر باقاعدہ طور پر منانے کا آغاز کررہے ہیں،دنیا بھر سے آنے والی سکھ برادری کے لیے حسن ابدال، ننکانہ صاحب، کرتار پور اور لاہور میں بیساکھی کی خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیاہے۔ وزیر اعلی پنجاب نے مزید کہا کہ صوبے میں سکھ یاتریوں کو مذہبی اور ثقافتی سیا حت کیلئے بہترین ماحول اور سہولیات فراہم کر رہے ہیں، دعا ہے کہ اللٰہ تعالی بیساکھی کی خوشیوں کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔
پنجاب میں بیساکھی منانے کیلئے آنےوالے سکھ بہن بھائیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں،مریم نواز
Apr 14, 2024 | 16:20